واٹس ایپ کی سروس کچھ دیر متاثر ہونے کے بعد بحال

Published On 20 July,2023 02:55 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں میں سماجی رابطے کے پلیٹ فارم واٹس ایپ کی سروس کچھ دیر کے لیے متاثر ہونے کے بعد بحال ہو گئی۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں واٹس ایپ سروس رات ایک بجے متاثر ہونا شروع ہوئی جو تقریبا آدھے گھنٹے بعد بحال ہونا شروع ہو گئی، واٹس ایپ سروس متاثر ہونے کی وجہ سے صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

کچھ واٹس ایپ صارفین کو میسجز بھیجنے جبکہ کچھ کو واٹس ایپ ویب پر لاگ ان ہونے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

واٹس ایپ کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والے ویب بیٹا انفو نے بھی بتایا کہ دنیا بھر میں واٹس ایپ کی سروس شدید متاثر ہے تاہم ، واٹس اپ کمپنی کی جانب سے سروس متاثر ہونے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔

خیال رہے کہ واٹس ایپ کی بنیاد 2009 میں رکھی گئی تھی اور بعد میں اسے فیس بک کو فروخت کر دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اس وقت 2 ارب 70 کروڑ افراد واٹس ایپ کے صارفین ہیں۔