میٹا کا مصنوعی ذہانت کا اپنا نیا نظام ’’ لاما 2 ‘‘ متعارف

Published On 20 July,2023 05:12 am

کیلی فورنیا : ( ویب ڈیسک ) فیس بک اور انسٹاگرام کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے اوپن اے آئی کے چیٹ جی پی ٹی چیٹ بوٹ جیسا مصنوعی ذہانت کا اپنا نیا نظام ’’ لاما 2 ‘‘ متعارف کرا دیا۔

لاما ٹو دیگر چیٹ بوٹس کے برعکس ہے جیسا کہ اوپن اے آئی کا چیٹ جی پی ٹی اور گوگل کا بارڈ جو کہ اوپن سورس نہیں ہیں۔

میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ مائیکروسافٹ کے ساتھ شراکت داری سے بنایا گیا نیا آرٹیفشل سسٹم اپنے حریفوں کے برعکس تحقیق اور تجارتی مقاصد کے لیے مفت استعمال کیا جا سکتا ہے ۔

مائیکروسافٹ نے کہا کہ سسٹم متعارف کرانے کا مقصد آرٹیفشل انٹیلی جنس اور اس کے فوائد کو جمہوری بنانا ہے۔

میٹا نے کہا کہ آرٹیفشل انٹیلی جنس کے نئے ماڈلز کو براہ راست ڈاؤن لوڈ یا پارٹنر شپ کے ساتھ ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے جو مائیکروسافٹ کے کلاؤڈ پلیٹ فارم ایزور پر دستیاب ہیں۔

قبل ازیں لاما ٹو کا پہلا ورژن ’لاما‘ فروری میں متعارف کرایا گیا تھا لیکن مارچ میں یہ انٹرنیٹ پر لیک ہو گیا تھا جس کے بعد سے عوام نے اس میں تبدیلیاں کرنے کی کوشش کی۔