کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) گوگل کی جانب سے کئے گئے اعلان کے مطابق یکم دسمبر کے بعد جی- میل اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کرنا شروع کر دیا جائے گا جس سے قبل صارفین کو ان کے ای میل پر وارننگ بھیجی جائے گی۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ صارفین جنہوں نے بیک اپ ای میل بھی بنا رکھی ہے انہیں بھی حتمی اقدام سے قبل ایک یاد دہانی موصول ہوگی۔
گوگل کی جانب سے مذکورہ فیصلے کا اعلان مئی میں کیا گیا تھا۔
ادارے کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سکیورٹی سے متعلق کسی بھی مسائل سے بچنے کیلئے اٹھایا جا رہا ہے، اندرونی تحقیق کے ذریعے یہ محسوس کیا گیا کہ غیر فعال اکاؤنٹس کو نئی خصوصیات اور حفاظتی اقدامات کے ساتھ اپ ڈیٹ کرنا مشکل ہوتا ہے جس کی وجہ سے وہ ہیکنگ، فشنگ یا اسپیم کا شکار ہو جاتے ہیں۔
تاہم کچھ اکاؤنٹس جیسے کہ یوٹیوب چینل والے یا وہ جو ڈیجیٹل آئٹمز خریدنے کے لئے استعمال ہوئے ہیں، اس اقدام سے مستثنیٰ ہوں گے۔
خیال رہے کہ اکاؤنٹ کو حذف ہونے سے روکنے کیلئے صارفین کو ہر دو سال میں کم از کم ایک بار اپنے گوگل اکاؤنٹ یا کسی بھی گوگل سروس میں سائن ان کرنا ہوگا اور کچھ سرگرمیاں کرنا ہوں گی جیسے ای میلز پڑھنا، تلاش کرنا یا اسی طرح کی دوسری کارروائیاں۔