واشنگٹن: (دنیا نیوز) سب کو دفتر کا کام گھر سے کرنے کی عادت ڈلوانے والی معروف سکرین شیئرنگ ایپ ’’زوم‘‘ نے اپنے ملازمین کو گھر سے کام کرنے سے روک دیا۔
کورونا کی وبا کے دوران زوم نے دنیا بھر میں ورک فرام ہوم کا تصور پیش کیا تھا جس سے اس ایپلی کیشن کی مقبولیت آسمانوں کو چھو گئی تھی، تاہم زوم نے اب خود اپنے ملازمین کا ورک فرام ہوم ختم کرکے کام کیلئے دفتر آنے کی تاکید کر دی ہے۔
اس سے قبل زوم کا کہنا تھا کہ ان کا عملہ غیر معینہ مدت تک گھروں سے ہی کام کرے گا تاہم اب نئی پالیسی کا اعلان کیا ہے جو اگست اور ستمبر میں بتدریج نافذ کر دی جائے گی۔
کمپنی نے اپنی پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے دفتر کے 50 میل (80 کلومیٹر) کے اندر رہنے والے ملازمین کیلئے ہفتے میں کم از کم دو بار دفتر میں حاضری اور کام کرنے کو لازم قرار دیا ہے۔