نمیرا سلیم خلا میں پہنچنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں

Published On 06 October,2023 10:46 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) پاکستان کی خاتون خلا باز نمیرا سلیم نے خلا میں پہنچنے والی پہلی پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

نمیرا سلیم نے امریکی کمپنی ورجن گیلیکٹک کمرشل سپیس لائنر سے خلا میں سفر کیا، اس مشن پر نمیرا سلیم سمیت 3 سیاحوں نے سفر کیا جو کمپنی کے وی ایس ایس یونٹی سپیس کرافٹ کے کیبن میں موجود تھے۔

نمیرا سلیم نے خلا پر روانگی سے قبل نگران وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے ملاقات بھی کی تھی جس میں انہوں نے اپنے خلائی سفر پر روانگی سے متعلق تیاریوں سے آگاہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نمیرا سلیم 21 اپریل 2007 کو قطب شمالی اور 10جنوری 2008 کو قطب جنوبی میں پاکستان کا پرچم لہرا چکی ہیں، نمیرا سلیم پاکستان کی پہلی خاتون بھی ہیں جنہیں قطبین پر پہنچنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

خیال رہے کہ ورجن گیلیکٹک نے جون 2023 کے آخر میں پہلی کمرشل پرواز خلا تک لے جانے میں کامیابی حاصل کی تھی، مگر اس پرواز میں عام سیاح سوار نہیں تھے بلکہ اٹلی سے تعلق رکھنے والے ماہرین کو خلا میں لے جایا گیا تھا۔