کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک ) ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے نیٹ فلکس، ایپل ٹی وی پلس اور ڈزنی پلس کے بعد اپنی پریمیئم سروس کی قیمتیں بھی بڑھا دی ہیں جس پر صارفین کی جانب سے برہمی کااظہار کیا جارہا ہے ۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق کمپنی کی جانب سے برطانیہ میں یوٹیوب پریمیئم فیملی پلان کی قیمت 17.99 پاؤنڈز سے بڑھا کر 19.99 پاؤنڈز جبکہ امریکا اور کینیڈا میں قیمتوں میں 30 فی صد تک اضافہ کیا گیا ہے۔
یوٹیوب اپنی پریمیئم سروس میں صارفین کو اشتہارات کے بغیر ویڈیوز دیکھنے کے ساتھ ویڈیوز ڈاؤن لوڈ کرنے اور دیگر ایپس کے پسِ منظر میں ویڈیو چلانے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
یوٹیوب پریمیئم صارفین کو ای میل کے ذریعے قیمتوں کے اضافے کے متعلق آگاہ کیا گیا ہے ، بھیجی گئی ای میل میں یوٹیوب کا کہنا تھا کہ کمپنی نے یوٹیوب پریمیئم اس لیے بنایا تھا کہ صارفین مداخلت کے بغیر یوٹیوب کا تجربہ کریں تاکہ ویڈیو، تخلیق کاروں اور میوزک آرٹسٹ کے قریب ہوا جاسکے۔
ای میل میں مزید کہا گیا ہے کہ بہتر سروس اور فیچرز کا تسلسل جاری رکھنے کے لیے قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا۔
قیمتوں میں اضافے کا اطلاق 21 نومبر سے ہوگا لیکن صارفین کی جانب سے کمپنی کے اس اقدام پر شدید غصے اور ناراضگی کا اظہار کیاجارہا ہے ۔
صارفین نے سوشل میڈیا پر پلیٹ فارم کے متعلق شکایتوں کے انبار لگاتے ہوئے سروس کا استعمال ترک کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔