اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت دسمبر 2023 میں آئی ٹی برآمدات میں 22.67 فیصد ریکارڈ اضافہ ہوا جس سے آئی ٹی کی برآمدات کا حجم بڑھ کر 30 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ہوگیا۔
وزارت آئی ٹی کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ 50 فیصد ڈالرز رکھنے کی سہولت، ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم، فری لانسرز کیلئے سہولیات برآمدات میں اضافے کے بنیادی عوامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کیلئے سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کیلئے وزیر اعظم اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے اہم کردار ادا کیا جس پر ان کے خصوصی طور پر شکر گزار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری پالیسیوں کا مقصد آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کا فروغ اور ملکی معیشت کو استحکام دینا ہے۔
ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ یہ تو ابھی آغاز ہے، جلد ان پالیسیوں کی بدولت بڑے نتائج سامنے آئیں گے جس سے آئی ٹی مصنوعات کیلئے مقرر کیا گیا 10 ارب ڈالرز کا ہدف بھی پورا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی اصلاحات سے آنے والی حکومت کیلئے آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ کا راستہ ہموار کر دیا ہے۔