نیویارک: (ویب ڈیسک) میٹا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک زکربرگ 170 ارب ڈالرز اثاثوں کے ساتھ دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔
معروف جریدے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ 2024ء کے دوران دنیا میں سب سے زیادہ دولت کمانے میں کامیاب رہے ہیں جس کے ساتھ وہ بل گیٹس کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔
میٹا کی آمدنی کی چوتھی سہ ماہی رپورٹ توقعات سے زیادہ اچھی ثابت ہوئی جس کے نتیجے میں مارک زکربرگ کی دولت میں ایک سال کے دوران 28 ارب ڈالرز سے زائد کا اضافہ ہوا، اس بڑے اضافے کے بعد ان کے اثاثوں کی مالیت 170 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہے جس کے بعد 145 ارب ڈالرز اثاثے رکھنے والے مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس امیر ترین افراد کی فہرست میں 5 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ مارک زکربرگ کچھ عرصہ قبل دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں کافی نیچے چلے گئے تھے، 2022ء میں میٹا ورس کی تیاری کیلئے پرعزم مارک زکربرگ کو بہت زیادہ مالی نقصان ہوا تھا، درحقیقت ایک موقع پر تو ان کی دولت میں 100 ارب ڈالرز سے زیادہ کی کمی بھی آئی اور وہ دنیا کے 10 امیر ترین افراد سے باہر نکل گئے تھے۔
میٹا کے سی ای او کی دولت 2022ء میں گھٹ کر 35 ارب ڈالرز سے بھی نیچے آگئی تھی کیونکہ اس وقت میٹا کے حصص کی قیمتوں میں تیزی سے کمی آئی تھی مگر 2023ء میں مارک زکربرگ نے اپنی توجہ حقیقی دنیا پر مرکوز کرتے ہوئے میٹا پلیٹ فارم کے اخراجات میں کمی لانے کیلئے اقدامات کیے جو کمپنی کیلئے بہتر ثابت ہوئے ہیں اور ان کی دولت میں ایک سال میں 42.4 ارب ڈالرز کا اضافہ ہو چکا۔
مارک زکربرگ میٹا کے 12.8 فیصد شیئرز کے مالک ہیں اور ان کی دولت کا انحصار بھی اس پر ہے، ان کے ساتھ ساتھ میٹا کی مارکیٹ ویلیو میں بھی اس سال کے دوران نمایاں اضافہ ہوا ہے، میٹا کی مارکیٹ ویلیو 1200 ارب ڈالرز سے زائد ہو چکی اور اکتوبر سے دسمبر 2023ء کی سہ ماہی کے دوران کمپنی کے منافع میں 3 گنا اضافہ ہوا۔
یاد رہے کہ ایلون مسک 205 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں مگر ایمازون کے بانی جیف بیزوز 197 ارب ڈالرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں اور بظاہر ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بننے کا اعزاز اپنے نام کر سکتے ہیں، فرانس کے برنارڈ آرنلٹ 185 ارب ڈالرز کے اثاثوں ساتھ دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص ہیں۔