گوگل کا جیمنائی آرٹیفیشل انٹیلی جنس انجن آئی فونز کا حصہ بننے کو تیار

Published On 18 March,2024 01:03 pm

سان فرانسسکو : (ویب ڈیسک ) گوگل کا تیار کردہ جیمنائی آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) انجن بہت جلد ہی آئی فونز کے اندر موجود ہوگا۔

بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایپل اور گوگل کے درمیان آئی فونز میں جیمنائی اے آئی انجن شامل کرنے کے لیے بات چیت چل رہی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایپل اور گوگل کی جانب آئی فونز کے لیے جیمنائی کے استعمال کے لائسنس پر مذاکرات ہو رہے ہیں تاکہ چند نئے اے آئی فیچرز نئے آئی او ایس سسٹم کا حصہ بن سکیں۔

ایپل کی جانب سے آئی فونز کے لیے نیا آئی او ایس 18 آنے والے مہینوں میں متعارف کرایا جائے گا جس میں کمپنی کے اپنے تیار کردہ اے آئی ماڈلز کا بھی استعمال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ مائیکرو سافٹ کا اے آئی ماڈل اوپن اے آئی کے تیار کردہ چیٹ جی پی ٹی پر مبنی ہے۔

مگر یہ کمپنی جنریٹیو اے آئی فیچرز کے لیے کسی شراکت دار کو تلاش کر رہی ہے تاکہ صارفین آئی فون میں سادہ تحریری کمانڈ کے ذریعے مضامین لکھ سکیں یا تصاویر تیار کر سکیں۔

گوگل اور ایپل کے درمیان اس حوالے سے معاہدہ جون تک طے پانے کا امکان ہے، جب ایپل کی سالانہ ڈویلپر کانفرنس کا انعقاد ہوتا ہے۔

دونوں کمپنیوں کے درمیان پہلے ہی ایپل کے سفاری ویب براؤزر میں گوگل کو ڈیفالٹ سرچ انجن کے طور پر استعمال کرنے کا معاہدہ موجود ہے۔

خیال رہے کہ ایپل کی جانب سے جنریٹیو اے آئی کی تیاری پر دیگر کمپنیوں کے مقابلے میں کام کافی سست روی سے جاری ہے، اس حوالے سے فروری 2024 میں ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک نے کہا تھا کہ ان کی کمپنی کی جانب سے رواں سال کسی وقت جنریٹیو اے آئی کے حوالے سے منصوبوں کو واضح کیا جائے گا۔