بیجنگ:(ویب ڈیسک) 50 ٹن وزنی خلائی جہاز کو مدار میں بھیجنے والے ’جائنٹ ریل گن‘ سسٹم پر کام کاآغاز کردیا گیا۔
چینی سائنس دان ایک ایسے بڑے الیکٹرو میگنیٹک لانچ ٹریک پر کام کر رہے ہیں جو 50 ٹن وزنی خلائی جہاز کو مدار میں بھیجنے کی صلاحیت رکھتا ہوگا۔
ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ (ایس سی ایم پی) کی رپورٹ کے مطابق ’جائنٹ ریل گن‘ سسٹم کو اس طرح سے ڈیزائن کیا جائے گا جو ہائپر سونک طیارے کی رفتار کو ماک 1.6 تک بڑھا دے گا، طیارے کے ٹریک کے آخر تک پہنچنے کے بعد اس کے انجن اس کو آواز کی رفتار سے سات گُنا زیادہ رفتار سے اڑا کر خلا تک لے جائیں گے۔
اگر چینی سائنس دان یہ سسٹم بنانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو اس کی مدد سے خلائی جہازوں کو خلا میں بھیجنے کے لیے درکار ایندھن کی مقدار میں واضح کمی لائی جاسکے گی اور زیادہ تعداد میں پے لوڈ خلا میں بھیجے جاسکیں گے۔
یاد رہے ایس سی ایم پی کے مطابق چینی سائنس دان اس خیال کو حقیقت میں بدلنے کے لیے فعال انداز میں کام کر رہے ہیں۔