بیجنگ: (ویب ڈیسک ) ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایلون مسک بھارت کا دورہ ملتوی کرنے کے بعد غیر اعلانیہ دورے پر چین پہنچ گئے۔
قطری نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ارب پتی کاروباری شخص ایلون مسک نے بیجنگ میں چینی وزیراعظم لی چھیانگ سمیت اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کی۔
چین کایہ دورہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انہوں نے ایک ہفتہ قبل بھارت کا دورہ منسوخ کیا تھا جہاں ان کی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات ہونی تھی۔
چینی وزیر اعظم لی چھیانگ کے ساتھ ایلون مسک کی ملاقات اس وقت ہوئی جب چین 25 اپریل سے 5 مئی تک ہونے والے بیجنگ موٹر شو میں اپنی جدید ترین الیکٹرک گاڑیوں کی نمائش کر رہا ہے۔
گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کے دوران لی چھیانگ نے ایلون مسک سے امید کا اظہار کیا کہ چین میں ٹیسلا کی ترقی کو چین-امریکا اقتصادی اور تجارتی تعاون کی کامیاب مثال کہا جا سکتا ہے اور چین اپنے وعدوں کو برقرار رکھتے ہوئے مارکیٹ تک رسائی کو بڑھانے اور ترقی کیلئے محنت جاری رکھے گا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایلون مسک نے چینی عہدیداروں سے ملاقات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسلا کی شنگھائی گیگا فیکٹری ٹیسلا کی بہترین کارکردگی کی حامل فیکٹری ہے جس کی کامیابی چینی ٹیم کی محنت اور دانشمندی کی وجہ سے حاصل ہوئی ہے، ٹیسلا چین کے ساتھ تعاون کو مزید گہرا کرنے اور مزید جیت جیت نتائج حاصل کرنے کے لئے تیار ہے۔
واضح رہے کہ مسک کے دورے کا پہلے سے اعلان نہیں کیا گیا تھا ، ایلون مسک بیجنگ آٹو شو میں شرکت کریں گے یا نہیں،اس بارے میں بھی کوئی واضح اعلان نہیں کیا گیا۔
ٹیسلا امریکا سے باہر شنگھائی میں اپنا سب سے بڑا مینوفیکچرنگ پلانٹ چلاتا ہے، جہاں اس کی تقریباً نصف گاڑیاں تیار ہوتی ہیں۔