چین : شدید بارشوں سے ایک لاکھ افراد کی نقل مکانی، بدترین سیلاب کا خدشہ

Published On 24 April,2024 08:44 am

بیجنگ : (ویب ڈیسک ) جنوبی چین میں شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ایک لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی حکومت نے گزشتہ روز متاثرہ علاقے کے لیے خطرناک ترین طوفان کی وارننگ جاری کی ہے۔

حالیہ دنوں میں گوانگ ڈونگ صوبے میں طوفانی بارشیں ہوئی ہیں، جس سے ندی نالوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور شدید سیلاب کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جس کے بارے میں سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ سو سال میں بدترین سیلاب بن سکتا ہے۔

سرکاری میڈیا نے اتوار کو اطلاع دی ہے کہ 45ہزار سے زیادہ لوگوں کو چنگ یوان سے نکالا گیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی نے کہا کہ گوانگ ڈونگ کے 110,000 رہائشیوں نے اختتام ہفتہ پر شروع ہونے والی بارشوں کے بعد سے نقل مکانی کی ہے۔

شدید بارشوں اور سیلاب سے 4افراد ہلاک جبکہ 10زخمی ہو چکے ہیں ، چینی محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ اپریل کے آخر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
 

Advertisement