لندن: (ویب ڈیسک) دنیا بھر کے نامور برانڈز اور مقبول شخصیات کے ٹک ٹاک اکاؤنٹس پر سائبر حملوں کا انکشاف ہوا ہے۔
چینی کمپنی بائٹ ڈانس کی زیرِ ملکیت سوشل میڈیا ایپلی کیشن ٹک ٹاک کے مالکان کی جانب سے برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کو سائبر حملے کی تصدیق کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ کچھ اکاؤنٹس ہیکرز نے ہیک کرلیے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ جلد حملوں کی زد میں آنے والے اکاؤنٹس بحال کردیے جائیں گے، تاہم ٹک ٹاک نے سائبر حملے کے مرتکب افراد یا اسے کیسے انجام دیا گیا، اس کے بارے میں مزید تفصیلات شیئر نہیں کیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جن اکاؤنٹس پر سائبر حملے ہوئے ہیں ان میں معروف امریکی نیوز چینل سی این این بھی شامل ہے۔
ٹک ٹاک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم اکاؤنٹ کی بحالی کے لیے سی این این کے ساتھ تعاون کررہے ہیں اور مسلسل رابطے میں ہیں تاہم سی این این نے اس پر کسی قسم کا ردعمل نہیں دیا۔