لاہوریے روزانہ 500 جی بی فری وائی فائی ڈیٹا استعمال کرنے لگے

Published On 02 June,2024 11:12 am

لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہوریے روزانہ 500 جی بی فری وائی فائی ڈیٹا استعمال کر رہے ہیں۔

سیف سٹیز کے ترجمان کے مطابق فری وائی فائی سروس سے شہریوں کی بڑی تعداد مستفید ہورہی ہے ، لاہوریے روزانہ 500 جی بی فری وائی فائی ڈیٹا استعمال کر رہے ہیں، یومیہ اوسط 50 ہزار لوگ فری وائی فائی استعمال کر رہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ فری وائی فائی سروس 100 پوائنٹس پر صارفین کے لیے دستیاب ایک ماہ میں تقریباً 12 لاکھ لوگ فری وائی فائی سروس سے مستفید ہو چکے ہیں اب تک 11 ہزار 775 جی بی ڈیٹا استعمال کیا جا چکا ہے۔

سیف سٹیز ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیف سٹیزاتھارٹی ایمرجنسی میں سہولت کیلئے فری وائی فائی سروس فراہم کر رہی ہے، شہری کسی بھی ایمرجنسی میں  فری وائی فائی کے ذریعے پولیس اور اپنے پیاروں سے رابطہ کر سکتے ہیں شہری فری وائی فائی سروس سے ویمن سیفٹی ایپ، پنجاب پولیس ایپ اور واٹس ایپ استعمال کر سکتے ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ فری وائی فائی سروس صرف ایمرجنسی میں استعمال کیلئے ہے، فری وائی فائی کے ذریعے مختلف اپلیکشن کو ڈاؤن لوڈ بھی کیا جا سکتا ہے، سروس ٹیکسی رائیڈ بک کرانے کیلئے بھی استعمال کی جاسکتی ہے، فری وائی فائی ایمرجنسی سروس ویڈیو سٹریمنگ یا انٹرٹینمنٹ کیلئے نہیں ہے، سروس فیس بُک، یوٹیوب، ٹک ٹاک اور ایسی دیگر انٹرٹینمنٹ ایپس کیلئے نہیں ہے۔