نیویارک: (ویب ڈیسک) مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے ڈیزائن اور خصوصی طور پر ٹائم لائن کا ڈیزائن بھی مکمل طور پر تبدیل کئے جانے کا امکان ہے جس کے تحت ری ٹوئٹ اور کمنٹس کے بٹنز کو ختم کر دیا جائے گا۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق ایکس پر تحقیق کرنے والے ایک ٹیکنالوجی محقق نے پتا لگایا ہے کہ ایکس کا ٹائم لائن ڈیزائن تبدیل کیا جا رہا ہے اور ایلون مسک نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔
نئی تبدیلی کے تحت ایکس کا ٹائم لائن یا فیڈ تبدیل ہو جائے گی اور صارفین کو ری پوسٹ یا ری ٹوئٹ سمیت لائیکس اور کمنٹس کا بٹن یا آپشن ہی نظر نہیں آئے گا، نئی تبدیلی کے تحت صارفین کسی بھی تصویر کو دائیں اور بائیں طرف سوائپ کر کے کمنٹس یا ریپلائی کر سکیں گے اور اسی طرح ہی وہ پوسٹ کو ری ٹوئٹ بھی کر سکیں گے۔
یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اگر ویڈیو کو ری ٹوئٹ کرنا ہوگا یا اس پر کوئی کمنٹس کرنے ہوں گے تو اسے کس طرح دائیں اور بائیں جانب سوائپ کیا جا سکے گا، تاہم امکان ہے کہ ایکس کا ٹائم لائن اس طرح بنایا جائے گا کہ اس پر ہر پوسٹ کو سوائپ کیا جا سکے گا۔
ابھی یہ بھی واضح نہیں ہے کہ مذکورہ تبدیلی کب تک کی جائے گی، تاہم امکان ہے کہ اسے آئندہ 6 ماہ کے اندر پیش کر دیا جائے گا۔
ایکس پر ویسے بھی گزشتہ دو سال میں متعدد تبدیلیاں کی جا چکی ہیں، پہلے اس کا نام اور یو آر ایل ایڈریس ٹوئٹر ہوا کرتا تھا، اسے بھی تبدیل کیا گیا جبکہ اس پر بلیو ٹک دینے سمیت کئی فیچرز کو ماہانہ فیس سے جوڑ دیا گیا ہے۔
ایکس کی جانب سے گزشتہ ماہ جون میں ہی لائیکس کے بٹن یا آپشن کو خفیہ کر دیا گیا تھا اور کسی دوسرے کے لائیکس کوئی تیسرا صارف نہیں دیکھ پاتا، اس سے قبل ہر کوئی ہر کسی کے لائیکس دیکھ پاتا تھا۔