پاکستان کی چاند پر مشن بھیجنے کی تیاریاں شروع

Published On 19 January,2025 10:20 pm

اسلام آباد:(ویب ڈیسک ) پاکستان نے چاند پر اترنےکی تیاری شروع کردی، مقامی سطح پر چاندگاڑی کے ڈیزائن پر کام کا آغاز تیز کردیا گیا۔

سپارکو اور ادارہ برائے سپیس ٹیکنالوجی کی کامیابیوں کا سلسلہ برقرار ہے، 2024 میں سر کیا تھا چاند کا مدار اب چاند پر گاڑی بھیجنے کو تیار ہے، سب سے بڑی بات یہ ہے کہ 35 کلوگرام وزنی چاند گاڑی، امپورٹڈ نہیں مقامی طور پر بنائی جا رہی ہے۔

پاکستان نے گذشتہ سال آئی کیوب قمر نامی سیارہ چاند کے مدار پر بھیجا تھا، اس کامیابی کے بعد ہی ڈیپ سپیس میں مزید آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا گیا، چاند پر لینڈنگ کا بڑا معرکہ سر کرنے میں تین سال لگیں گے۔

ڈپٹی منیجر سپارکو ڈاکٹر یاسر کا کہنا ہے کہ 2028 تک منصوبہ بندی کر رہے ہیں کہ چاند پر اتریں اور اپنی چاند گاڑی چاند پر اتاریں اس کی ڈیزائن اور ڈویلپمنٹ پر کام جاری ہے۔

پروگرام کے مطابق پاکستانی خلائی گاڑی چینی صوبہ حنان کے خلائی سٹیشن سے روانہ ہو گی اور چاند کے جنوبی حصے پر لینڈ کرے گی، اس میں ہر قسم کے سنسر نصب ہوں گے۔ جو چاند کی سطح اور چٹانوں کا مشاہدہ کر سکیں گے۔