کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے صارفین کو اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ فیس بک اور انسٹاگرام سے جوڑنے کی سہولت دینے کا اعلان کیا ہے۔
ٹیک کمپنی صارفین کیلئے ایک سہولت متعارف کرانے جا رہی ہے جس کو استعمال کرتے ہوئے واٹس ایپ کو میٹا اکاؤنٹس سینٹر (کمپنی کے مرکزی حب) میں شامل کیا جا سکے گا اور دیگر میٹا ایپ پروفائلز (بشمول دیگر سوشل میڈیا ایپس اور ورچوئل ریئلٹی ہیڈ سیٹس کوئیسٹ) کو جوڑا اور مینج کیا جا سکے گا۔
میٹا کا کہنا تھا کہ واٹس ایپ کو اکاؤنٹس سینٹر میں شامل کرنا اختیاری ہوگا اور اس کی ڈیفالٹ سیٹنگ آف ہوگی جبکہ نجی واٹس ایپ میسجز اور کالز اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہی رہیں گے۔
ایک بلاگ پوسٹ میں میٹا نے بتایا کہ لنک اپ ٹول کو استعمال کرتے ہوئے صارفین واٹس ایپ سٹیٹس کو بآسانی فیس بک اور انسٹاگرام سٹوریز کے طور پر شیئر کر سکیں گے، ساتھ ہی صارفین ضرورت کے وقت آسانی سے لاگ بیک کر سکیں گے۔
یہ سہولت عالمی سطح پر صارفین کے لئے آئندہ ہفتوں اور مہینوں میں بتدریج جاری کی جائے گی۔