کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ٹریفک جام سے نجات اور کار میں فضائی سفر کا خواب حقیقت بننے کے قریب ہے کیونکہ امریکی کمپنی نے حال ہی میں اپنی پہلی اڑنے والی کار کی کامیاب آزمائش کی ہے۔
امریکی کمپنی ’الیف ایروناٹکس‘ نے کامیاب آزمائش کی ویڈیو بھی جاری کی ہے، اس ویڈیو میں کار کو ٹریفک جام میں پھنس جانے یا سڑک پر آگے کوئی رکاوٹ آنے پر زمین سے فضا میں بلند ہوتے، ٹریفک جام اور رکاوٹوں کو کامیابی سے عبور کرتے دکھایا گیا ہے۔
اس حیرت انگیز کار کی پہلی تاریخی کامیاب پرواز کی آزمائش 19 فروری کو کی گئی ہے۔
یہ ایسی کار ہے جس کو جب چاہیں آپ سڑک پر چلائیں اور ٹریفک میں پھنس جائیں تو اسے اُڑائیں، تاہم یہ کار صرف اڑتی ہی نہیں بلکہ اس کی قیمت بھی آپ کے ہوش اڑا دے گی۔
رپورٹ کے مطابق اس کار کی ابتدائی قیمت 3 لاکھ ڈالر لگ بھگ ساڑھے 8 کروڑ پاکستانی روپے ہے، یہ کار 354 کلومیٹر تک سڑک پر چل سکتی ہے اور ایک بار چارج کرنے پر 177 کلومیٹر تک فضا میں پرواز بھی کر سکتی ہے۔
کمپنی نے ٹرائل کیلئے ایک پروٹو ٹائپ استعمال کیا جو Alef Model Zero کا انتہائی ہلکا ورژن تھا۔
ایلف کے سی ای او جم ڈاکوونی نے کہا کہ یہ ڈرائیونگ اور فلائٹ ٹیسٹ حقیقی دنیا کے شہری ماحول میں ٹیکنالوجی کا ایک اہم ثبوت ہے۔