مائیکرو سافٹ کا سکائپ ایپلی کیشن بند کرنے کا فیصلہ

Published On 01 March,2025 02:56 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) معروف ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے اپنی مشہور زمانہ ویڈیو ایپلی کیشن سکائپ کو بند کرنے کا اعلان کردیا۔

سکائپ کی بنیاد 2003ء میں ایسٹونیا میں سکینڈی نیوین نکلس زینسٹروم اور جانس فریس نے رکھی تھی، یہ ایپلی کیشن صارفین 20 برس سے زیادہ عرصے سے استعمال کر رہے ہیں، سکائپ نے انٹرنیٹ مواصلات میں انقلاب برپا کر دیا تھا۔

گزشتہ کچھ برسوں میں واٹس ایپ کے علاوہ پیشہ وارانہ استعمال کے لیے زوم جیسی متبادل ایپلی کیشنز نے اس کی جگہ لے لی اور سکائپ کا استعمال کم ہوتا گیا تاہم اب مائیکروسافٹ نے سکائپ کو مستقل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 5 مئی 2025ء سے سکائپ دستیاب نہیں ہو گی، صارفین کو اپنا ڈیٹا ایکسپورٹ کر کے لےجانے یا پھر مائیکرو سافٹ کے ٹیمز میں منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جس میں چیٹ اور کالنگ فیچر زموجود ہیں۔

مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ سکائپ کو بند کرنے کا فیصلہ مواصلات کی سہولتوں کو بہتر اور یکجا کرنے میں معاون ہو گا جبکہ ٹیمز سے صارفین کو جدید فیچرز دستیاب ہوں گے۔