اگنائیٹ کی ویب سائٹ ہیکنگ سے متعلق ابتدائی رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش

Published On 01 March,2025 05:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اگنائیٹ کی ویب سائٹ ہیکنگ سے متعلق ابتدائی رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش کر دی گئی۔

ویب سائٹ ہیکنگ سے متعلق رپورٹ میں کئی تضادات موجود ہیں، رپورٹ کی سمری اور ٹائم لائن میں کئی تضادات کی نشاندہی ہوئی ہے، ہیکنگ کے وقت، ہیکنگ کے دورانیہ اور سائٹ کی بحالی کے وقت کے حوالے سے مختلف معلومات دی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 10 فروری 2025 کو اگنائیٹ کی ویب سائٹ شام ساڑھے چھ بجے نامعلوم ہیکر نے ہیک کی، ہوسٹنگ پرووائیڈر کی مانیٹرنگ ٹیم نے واقعہ کا پتہ 10 منٹ کے اندر لگا لیا تھا، واقعہ کا پتہ لگانے کے 10 منٹ کے اندر ویب سائٹ مکمل طور پر بحال کر دی گئی تھی۔

ویب ہیکنگ کے دوران کسی بھی صارف کا ڈیٹا متاثر نہیں ہوا تھا، ہیکر نے شام ساڑھے 5 بجے ویب سائٹ کو ہیک کیا، خودکار مانیٹرنگ ٹولز نے 6 بج کر 35 منٹ پر سکیورٹی ٹیم کو ویب سائٹ میں غیر مجاز تبدیلیوں سے آگاہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق سکیورٹی ٹیم نے 6 بج کر 40 منٹ پر ویب سائٹ کو آف لائن کیا، آخری بیک اپ سے ویب سائٹ کو 6 بج کر 46 منٹ پر اصل حالت میں بحال کر دیا گیا تھا، اگنائیٹ کی ویب سائٹ کو ایک سے زائد ہیکرز نے ایک سے زائد ممالک سے نشانہ بنایا۔

ہیکنگ کے لیے برطانیہ، اٹلی، پولینڈ اور سنگاپور کے آئی پیز کو استعمال کیا گیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہیکر نے مواد مینجمنٹ سسٹم میں موجود کمزوری کا فائدہ اٹھایا، اگنائیٹ ویب سائٹ کو متعدد IP پتوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ہیکرز نے حساس فائلوں اور ڈیٹا تک رسائی کی کوششیں کیں، ‏ویب سائٹ تقریباً 1 گھنٹہ 10 منٹ تک دستیاب نہیں تھی، واقعہ کی تحقیقات ابھی بھی جاری ہیں، ویب سائٹ ہیکنگ سے کوئی براہ راست مالی نقصان نہیں ہوا۔

ہیکر کی جانب سے تاوان کا مطالبہ نہیں کیا گیا تھا، ویب سائٹ کی خرابی کے واقعے کو 1 گھنٹے اور 10 منٹ کے اندر کامیابی کے ساتھ حل کیا گیا۔

اگنائیٹ کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لیے اپنی حفاظتی پوزیشن میں اضافہ کریں گے، ابھرتے ہوئے سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے اپنے سکیورٹی فریم ورک کو مضبوط بنانے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہیں۔

ویب سائٹ کو محفوظ بنانے کے لیے فائر وال کو سخت کرنے سمیت متعدد حفاظتی اقدامات پہلے سے موجود ہیں۔