وزیراعظم نے نیشنل انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر کا افتتاح کر دیا

Published On 06 May,2025 08:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر کا افتتاح کر دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے نیشنل انٹیلی جنس فیوژن اور تھریٹ اسیسمنٹ کا دورہ کیا، وزیر اعظم کے ہمراہ سروسز چیف، نائب وزیر اعظم، وزیر دفاع بھی موجود تھے، شہباز شریف کو ادارے کے کام کے حوالہ سے بریفنگ دی گئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ نیفٹیک وفاقی ادارہ ہوگا، 50 وفاقی و صوبائی محکمے اور ایجنسیاں ادارے سے مل کر کام کریں گے، ادارہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک قومی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔

وزیراعظم نے دہشت گردی ،غیر قانونی نیٹ ورکس اور بیرونی سہولت کاری نیٹ ورک توڑنے پر زور دیا اور کہا کہ یہ نیٹ ورکس توڑنے کے لیے ادارہ جاتی طریقہ کار کو مضبوط بنانا ہوگا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ادارہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے اور ملکی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔