جو کہتے تھے پاکستان روایتی جنگ میں پیچھے ہے، ان کے ہوش ٹھکانے آگئے، وزیر اعظم

Published On 07 May,2025 04:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ دشمن نے ماضی کی طرح رات کے اندھیرے میں حملہ کرنے کی ناپاک کوشش کی، ہماری بہادر افواج نے ہندوستان کے مکروہ حملے کا منہ توڑ جواب دیا۔

قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان نے تاریک رات کو چاندنی رات بنا دیا، بھارتی بزدلانہ حملے میں ہمارے شہری بھی شہید ہوئے، اللہ ہمارے شہدا کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پہلگام ہندوستان کے ناجائز قبضے میں ہے، 22 اپریل کو پہلگام میں افسوسناک واقعہ ہوا، ہندوستان نے 10 منٹ میں پہلگام واقعہ کی ایف آئی آر درج کی، ہندوستانی میڈیا، صحافیوں نے پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ کچھ دن پہلے ہی بلوچستان میں ٹرین کو ہائی جیک کیا گیا، جعفر ایکسپریس واقعہ سے بی ایل اے، ٹی ٹی پی کے ہندوستان سے تانے بانے ملتے تھے، ہماری فوج کے سپیشل یونٹ نے ٹرین کے مسافروں کی جانیں بچائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو جعفر ایکسپریس واقعہ پر مذمت کی توفیق نہ ہوئی، ہندوستان نے جعفر ایکسپریس واقعہ کا مذاق اڑایا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پہلگام واقعہ کی اطلاع ہمیں انقرہ کے دورے پر ملی، کاکول میں واضح الفاظ میں کہا پاکستان کا پہلگام واقعہ سے دوردورتک کوئی تعلق نہیں، پہلگام واقعہ پر انٹرنیشنل کمیشن بنانے کی بھی تجویز دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے 24 کروڑ عوام کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں، ہماری افواج 24 گھنٹے تیار تھی کہ کب دشمن کے طیارے اڑیں اور ہم ان کو سمندر میں پھینک دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے کچھ دن پہلے نئے رافیل طیارے خریدے، ہندوستان اپنے رافیل طیاروں پر بہت ناز کرتا ہے، ایئرچیف ظہیر احمد بابر سدھو کو سلام پیش کرتا ہوں، ہماری افواج نے ہندوستان کے طیاروں کی کمیونیکیشن لاک کر دی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں ہر لمحے کی خبریں مل رہی تھیں کہ ہندوستان کے کیا مذموم عزائم، ناپاک پلان ہیں، کل رات ہندوستان کے 80 جہاز اس حملے میں شریک تھے، ہندوستان نے پاکستان کے 6 شہروں پر حملہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کل رات پاکستان کے عقاب مکمل تیاری میں تھے، ہمارے عقابوں نے بھارت کے 5 طیاروں کو مارگرایا، جس میں 3 رافیل طیارے بھی شامل تھے، پاکستان کے 24 کروڑ عوام کو اس سے بڑی عزت نہیں مل سکتی۔

انہوں نے کہا کہ کل رات ہندوستان کا ہوش ٹھکانے آگیا ہے، ہمارے دشمنوں کو کل رات نیند نہیں آئی، کل ہمارے دوستوں کو بھی پتہ چل گیا ہے کہ پاکستان ایک فولادی فوج رکھتا ہے، دوست ممالک اپنے مشکل وقت میں بھی پاکستان کو ہی یاد کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہماری بری، بحری اور فضائی فوج کے سپہ سالار اور سپاہی یک جان اور دو قالب تھے، کل رات ہندوستان کے گرنے والے 5 طیارے 10 بھی ہو سکتے تھے، ہمارے ہوا بازوں اور شاہینوں نے احتیاط سے کام لیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے جوانوں نے اپنے خون سے وطن کی آبیاری کی ہے، آج وقت تھا کہ ہم اپنے شہیدوں کو سلام پیش کریں۔