پاک بھارت کشیدگی کے خاتمہ کیلئے سپین نے ثالثی کی پیشکش کر دی

Published On 07 May,2025 07:39 pm

میڈرڈ: (دنیا نیوز) ہسپانوی وزیر اعظم پیدرو سانچز نے پاک بھارت کشیدگی کے خاتمہ کے لیے اپنی خدمات کی پیشکش کی ہے۔

پاک بھارت کشیدگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے ہسپانوی وزیراعظم پیدرو سانچز نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے حملے کا مناسب اور سفارتی جواب دیا ، ایٹمی طاقتیں ٹکرائیں مگر پاکستان نے امن کو ترجیح دی۔

پیدرو سانچز نے کہا کہ سلامتی کا مطلب صرف ہتھیار نہیں، سفارت کاری بھی ہے، کثیرالجہتی نظام اور عالمی امن کی بحالی وقت کی ضرورت ہے، سپین ایک ایسا نظام چاہتا ہے جو انصاف، قانون اور امن پر مبنی ہو۔

ہسپانوی وزیراعظم نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کی کشیدگی پر عالمی برادری متحرک ہو، سفارت کاری ہی عالمی تنازعات کا اصلی حل ہے، پاکستان نے ایٹمی کشیدگی میں ذمہ داری کا ثبوت دیا۔

پیدرو سانچز نے کہا کہ بھارتی حملوں کے بعد پاکستان کا مؤقف قابل تحسین ہے، عالمی استحکام کے لیے تحمل اور مکالمے کو فروغ دینا ہوگا۔