پاک فضائیہ کو کھلی اجازت دیتے تو 5 کے بجائے 15 بھارتی طیارے گرتے: اسحاق ڈار

Published On 07 May,2025 05:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے 5 طیارے گرائے، اگر پاک فضائیہ کو کھلی اجازت دیتے تو 5 کے بجائے 15 بھارتی طیارے گرتے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے کمٹمنٹ کی تھی کہ پہل نہیں کریں گے، بھارت نے مذموم کوشش کی، بھارت کے 75 سے 80 طیاروں کیساتھ ایک گھنٹے تک دونوں طرف سے فائٹ ہوئی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ قوم کی طرف سے مسلح افواج کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، بھارت کی جانب سے آبی ذخائر پر حملہ کرنا سنگین خلاف ورزی ہے، بھارت نے 6 مقامات پر 24 حملے کیے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اپنے صبر اور برداشت سے ثابت کیا کہ ہم ایک ذمہ دار قوم ہیں، بھارت کی جانب سے آبی ذخائر پر حملہ کرنا سنگین خلاف ورزی ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بھارتی بزدلانہ حملوں میں ہمارے 26 لوگ شہید اور 46 زخمی ہوئے، ہم انٹرنیشنل کمیونٹی کو بھارتی جارحیت سے بار بار آگاہ کر رہے ہیں۔