پاکستان مخالف پروپیگنڈا: بھارت کے 16 یوٹیوب چینلز، 31 ویڈیوز، 32 ویب سائٹس بلاک

Published On 07 May,2025 06:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی اے کا بڑا ایکشن، پاکستان مخالف پروپیگنڈا پھیلانے پر بھارت کے 16 یوٹیوب نیوز چینلز، 31 یوٹیوب ویڈیو لنکس اور 32 ویب سائٹس بلاک کر دیئے۔

ترجمان پی ٹی اے کے مطابق جھوٹی معلومات اور پاکستان مخالف پروپیگنڈا پھیلانے پر بلاک کر دیا ہے، یہ اقدام موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر قومی سلامتی اور پاکستان کے ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔

پی ٹی اے ترجمان کے مطابق بلاک کیے گئے مواد میں گمراہ کن اور نقصان دہ بیانیے شامل تھے، ان سب کا مقصد عوامی رائے کو متاثر کرنا اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا تھا۔

ترجمان پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے پاکستان میں ٹیلی کام صارفین کے لیے ایک محفوظ و قابل اعتماد انٹرنیٹ ماحول کی فراہمی کے ضمن میں پُرعزم ہے۔

پی ٹی اے ترجمان نے کہا کہ اتھارٹی آن لائن مواد کی نگرانی جاری رکھے گی اور قومی مفادات کے خلاف مواد پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔