سلیکان ویلی : (ویب ڈیسک) ٹیک کمپنی میٹا نے بھارت میں انسٹاگرام پر ایک مسلم نیوز پیج کو حکومت کی درخواست پر بلاک کر دیا ہے۔
اس نیوز پیج کے 67 لاکھ فالوورز ہیں، بھارت میں موجود صارفین جب اس کی پوسٹس تک رسائی کی کوشش کرتے ہیں انہیں ایک پیغام موصول ہوتا ہے: ’’یہ اکاؤنٹ بھارت میں دستیاب نہیں ہے، ہم نے قانونی درخواست پر اس مواد کو محدود کیا ہے۔‘‘
اس پابندی کے حوالے سے بھارتی حکومت کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستانی اداکاروں اور کھلاڑیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک رسائی کو بھی بھارت میں محدود کر دیا گیا ہے۔
اپنے بیان میں نیوز اکاؤنٹ کے بانی اور چیف ایڈیٹر امیر الخطابہ کا کہنا ہے کہ مجھے بھارت سے سینکڑوں پیغامات، ای میلز اور تبصرے ملے ہیں، وہ ہمارے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل نہیں کر سکتے۔ میٹا نے بھارتی حکومت کی قانونی درخواست پر @Muslim اکاؤنٹ کو بلاک کر دیا ہے، یہ سنسر شپ ہے۔
بھارتی صارفین سے معذرت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب پلیٹ فارمز اور ممالک میڈیا کو خاموش کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تو پتہ چلتا ہے کہ ہم اقتدار میں بیٹھے لوگوں کا احتساب کرنے کا اپنا کام ٹھیک سے کر رہے ہیں۔
میٹا نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کمپنی کے ویب پیج کا حوالہ دیا ہے جہاں حکومتوں کی قانونی درخواستوں کے مطابق مقامی قوانین کے تحت مواد کو محدود کرنے کی پالیسی دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ @Muslim اکاؤنٹ انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے مسلم نیوز ذرائع میں سے ایک ہے، بھارت نے ایک درجن سے زائد پاکستانی یوٹیوب چینلز پر بھی پابندی عائد کی ہے۔