حالیہ کشیدگی : پاکستان ٹیکنالوجی کے میدان میں ابھرتی طاقت بنا: شزہ فاطمہ

Published On 18 May,2025 05:46 pm

اسلام آباد :(دنیا نیوز) وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان ٹیکنالوجی کے میدان میں دنیا کے سامنے ابھرتی ہوئی طاقت کے طور پر سامنے آیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شزہ فاطمہ نے آئی ٹی کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت اور مستقبل کی سرمایہ کاری سے متعلق خوشخبریاں بھی سنائیں۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے چند سالوں میں پاکستان کے آئی ٹی شعبے میں 70 کروڑ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری متوقع ہے، جو ملکی معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگی، حکومت کی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، جن میں ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ، پالیسی ریٹ اور مہنگائی کی شرح میں واضح کمی شامل ہیں۔

شزہ فاطمہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان نے 20 کروڑ موبائل سبسکرائبرز کا اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے، جو ڈیجیٹل ترقی کی جانب ایک بڑا قدم ہے، موجودہ حالات میں افواجِ پاکستان نے بھارت کی جارحیت کا بہادری سے جواب دیا، اور اس دوران پاکستان کا ٹیکنالوجی کا مؤقف اور صلاحیتیں دنیا کے سامنے نمایاں ہوئیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت معیشت کی بہتری کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے اور موجودہ اعداد و شمار اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ پاکستان کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔