بیجنگ :(ویب ڈیسک) سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک نے سال 2025 کے پہلے تین مہینوں میں پاکستانی صارفین کی تقریباًاڑھائی کروڑ ویڈیوز ڈیلیٹ کر دیں ، اسی حوالے سے ٹک ٹاک نے 2025 کی پہلی سہ ماہی کے لیے کمیونٹی گائیڈ لائنز کے نفاذ کی رپورٹ جاری کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 24,954,128 ویڈیوز کو کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر ہٹایا گیا، ان ویڈیوز میں سے 99.4 فیصد ویڈیوز کو خود کار نظام نے ہٹایا جبک ان میں سے 95.8 فیصد ویڈیوز کو صرف 24 گھنٹوں کے اندر پلیٹ فارم سے ہٹا یا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹک ٹاک نے جنوری سے مارچ 2025 کے دوران دنیا بھر میں 211 ملین ویڈیوز کو کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر پلیٹ فارم سے ہٹایا۔یہ ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کی گئی وڈیوز کے تقریباً 0.9 فیصد کے برابر ہے،ڈیلیٹ کی گئی ویڈیوز میں سے 18 کروڑ 43 لاکھ سے زائد ویڈیوز کو خودکار نظام کے ذریعے شناخت کرکے حذف کیا گیا، جن میں سے 75 لاکھ سے زائد ویڈیوز کو مزید جانچ پڑتال کے بعد بحال کر دیا گیا۔
ٹک ٹاک پر روزانہ کروڑوں ویڈیوز اپ لوڈ ہوتی ہیں جن کے مواد کی جانچ پڑتال کمیونٹی گائیڈ لائنز کے اصولوں کے تحت ہوتی ہے۔ کمپنی کے مطابق پیشگی حذف کی جانے والی ویڈیوز کی شرح 99 فیصد رہی اور 94.3 فیصد مواد کو پوسٹ کیے جانے کے 24 گھنٹوں کے اندر ہی پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حذف کی گئی 30.1 فیصد ویڈیوز حساس یا بالغ موضوعات پر مشتمل تھی جو مواد کے حوالے سے ٹک ٹاک کی پالیسیوں کے مطابق نہیں تھیں،11.5 فیصد ویڈیوز میں پلیٹ فارم کے تحفظ اور شائستگی کے معیارات کی خلاف ورزی کی گئی، جبکہ 15.6 فیصد پرائیویسی اور سیکیورٹی کی ہدایات کی خلاف ورزی پر مبنی تھیں۔
علاوہ ازیں حذف کی گئی ویڈیوز میں سے 45.5 فیصد کو غلط معلومات پھیلانے پر ہٹایا گیا اور 13.8فیصد ویڈیوز کو ترمیم شدہ میڈیا اور آرٹی فیشل انٹیلی جنس سے تیار کردہ مواد کے طور پر شناخت کیا گیا۔