انسٹا گرام پر لائیو سٹریمنگ والوں کیلئے بڑی پابندی لگ گئی

Published On 03 August,2025 04:22 pm

کیلی فورنیا:(دنیا نیوز) اگر آپ انسٹا گرام پر لائیو سٹریمنگ کرنا پسند کرتے ہیں تو ایک بڑے دھچکے کے لیے تیار ہو جائیں۔

اب انسٹا گرام کی جانب سے صارفین پر ایک پابندی عائد کی گئی ہے جس کے تحت اب صرف وہ افراد ہی فوٹو شیئرنگ ایپ میں لائیو سٹریم کرسکیں گے جن کے فالوورز کی تعداد کم از کم ایک ہزار ہوگی۔

اس سے قبل انسٹا گرام پر ہر فرد ہی لائیو سٹریمنگ کر سکتا تھا چاہے اسے کوئی فالو کرتا ہو یا نہ کرتا ہو۔

اس حوالے سے کمپنی کی جانب سے کم فالوورز والے صارفین کو ایک نوٹس بھیجا گیا ہے، اس نوٹس میں بتایا گیا کہ آپ کا اکاؤنٹ لائیو سٹریمنگ کا اہل نہیں، ہم نے اس فیچر کو استعمال کرنے کی اہلیت کو تبدیل کر دیا ہے، اب صرف ایک ہزار یا اس سے زائد فالوورز والے پبلک اکاؤنٹس ہی لائیو ویڈیوز تیار کرسکتے ہیں۔

کمپنی کی جانب سے ایک بیان میں تصدیق کی گئی کہ یہ کوئی بگ (bug) نہیں بلکہ ایسا کمپنی نے خود کیا ہے،انسٹا گرام کے مطابق اس تبدیلی کا مقصد لائیو سٹریمنگ کے تجربے کو بہتر بنانا ہے۔

البتہ کم فالوورز والے صارفین نے اس تبدیلی کو زیادہ پسند نہیں کیا جبکہ ایسے صارفین بھی اب لائیو سٹریم نہیں کرسکیں گے جن کے فالوورز کی تعداد تو ایک ہزار سے زائد ہوگی مگر ان کا اکاؤنٹ پرائیویٹ ہوگا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ انسٹا گرام کی جانب سے یہ تبدیلی بھی بظاہر ٹک ٹاک سے متاثر لگتی ہے، ٹک ٹاک میں بھی ایسے صارفین ہی لائیو سٹریم کرسکتے ہیں جن کے فالوورز کی تعداد مخصوص حد تک ہوتی ہے۔

دوسری جانب فیس بک پر کم از کم 100 فالوورز والے اکاؤنٹس کو لائیو سٹریمنگ کی اجازت ہے جب کہ یوٹیوب میں محض 50 سبسکرائبرز والے اکاؤنٹ بھی لائیو سٹریم کرسکتے ہیں۔