بیجنگ :(دنیا نیوز) پاکستان اور چین نے خلا سے متعلق تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے ایک مشترکہ سپیس سائنس ٹریننگ سینٹر قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے، یہ اقدام دونوں ملکوں کے درمیان 2025 سے 2029 تک کے ایکشن پلان کا حصہ ہے۔
یہ معاہدہ چین نیشنل سپیس ایڈمنسٹریشن اور پاکستان کے سپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن کے درمیان جاری 2021 تا 2030 سپیس کوآپریشن آؤٹ لائن پروگرام کے تحت کیا گیا ہے۔
اس منصوبے کے ذریعے خلابازوں کے مشترکہ انتخاب اور تربیت کو ممکن بنایا جائے گا جو مستقبل میں پاکستان کی انسانی خلائی مشنز میں شمولیت کی راہ ہموار کرسکتا ہے۔
دونوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ چاند اور خلائے بسیط کی تحقیق پر مشترکہ کام جاری رکھا جائے گا، جس میں انٹرنیشنل لونر ریسرچ سٹیشن کے کثیرالجہتی جائزے اور جدید خلائی ٹیکنالوجیز پر تعاون شامل ہے۔
پاکستان سپیس سینٹر کے قیام پر بھی بات چیت جاری رکھنے پر زور دیا گیا ہے، جو تحقیق، ترقی اور خلائی ٹیکنالوجی کے عملی استعمال کا مرکز ہوگا تاکہ معیشت اور سماجی ترقی کو فروغ دیا جاسکے۔