کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) معروف آرٹیفیشل انٹیلیجنس کمپنی اوپن اے آئی نے اپنے چیٹ بوٹ ’چیٹ جی پی ٹی‘ میں بچوں کی حفاظت کیلئے نیا نظام اور والدین کے کنٹرول متعارف کرا دیئے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی میں ایک نیا حفاظتی نظام اور والدین کیلئے کنٹرولز متعارف کروا دیے ہیں، جس کا مقصد بچوں اور نوجوانوں کو ذہنی دباؤ یا خودکشی جیسے خطرات سے بچانا ہے۔
اس نئے نظام میں چیٹ جی پی ٹی بات چیت کے دوران جذباتی حساسیت کو پہچان کر خودکار طور پر بات چیت کو جی پی ٹی-5 ماڈل کی طرف منتقل کر دیتا ہے، جی پی ٹی-5 ماڈل حساس سوالات کے محفوظ جوابات دے سکتا ہے، بجائے اس کے کہ صرف بات چیت سے انکار کرے۔
والدین کیلئے بھی خصوصی کنٹرولز شامل کئے گئے ہیں، اب والدین اپنے بچوں کے چیٹ جی پی ٹی اکاؤنٹ کو اپنے اکاؤنٹ سے جوڑ سکتے ہیں اور دیکھ سکتے ہیں کہ بچے کس طرح بات چیت کر رہے ہیں، اگر کوئی حساس یا خطرناک بات چیت ہو تو والدین کو فوری نوٹیفکیشن ملے گا تاکہ وہ بروقت مداخلت کر سکیں۔
اوپن اے آئی نے اس نئے نظام کی آزمائش شروع کر دی ہے اور اسے مزید بہتر بنانے کیلئے 120 دن کا وقت رکھا ہے، کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین کی رائے کے مطابق اس نظام کو مزید ترقی دی جائے گی۔
یہ قدم کچھ ایسے واقعات کے بعد اٹھایا گیا ہے، جن میں نوجوانوں نے چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ گفتگو کے بعد خودکشی کرنے کی کوششیں کیں یا ذہنی دباؤ کا شکار ہوئے، یہی وجہ ہے کہ کمپنی چاہتی ہے کہ بچے یا نوجوان چیٹ جی پی ٹی کو استعمال کرنے میں محفوظ رہیں اور غیر مناسب مواد یا بات چیت سے بچیں۔