اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپارکو ( پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن ) نے دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ورلڈ سپیس ویک 2025 منانے کا اعلان کر دیا۔
ترجمان سپارکو کے مطابق 4 سے 10 اکتوبر تک پاکستان سمیت دنیا بھر میں ورلڈ سپیس ویک منایا جائے گا، رواں سال ورلڈ سپیس ویک کا موضوع خلاء میں رہائش ہے۔
سپوٹنک-1 کی لانچنگ اور آؤٹر سپیس معاہدے کی یاد میں یہ ہفتہ منایا جاتا ہے اور سپارکو 2005 سے ورلڈ سپیس ویک پاکستان میں منعقد کر رہا ہے۔
ترجمان سپارکو کے مطابق 2024 میں پاکستان نے 6 ہزار سے زائد تقریبات کے ساتھ دنیا بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
سپیس کیمپ 2025 میں ماڈل سیٹلائٹ ڈیزائن اور لانچ کے مقابلے شامل ہوں گے، کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور گلگت میں اساتذہ کی تربیتی ورکشاپس ہوں گی۔
ترجمان سپارکو کے مطابق سکولوں میں سپیس وین کے دورے اور تعلیمی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی، ملک گیر بیسٹ سپیس سکول اور سپیس ایمبیسڈر جیسے مقابلے کرائے جائیں گے۔
سپارکو نوجوان نسل کو خلائی سائنس اور فلکیات میں کیریئر بنانے کی ترغیب دے رہا ہے۔