سپارکو کے زیر اہتمام ورلڈ سپیس ویک 2025 کی تقریبات کا آغاز

Published On 03 October,2025 11:40 am

کراچی: (طلحہ ہاشمی) پاکستان کے خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو نے ورلڈ سپیس ویک 2025 کی تقریبات کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

افتتاحی تقریب سپارکو کمپلیکس کراچی میں منعقد ہوئی جس میں خلائی سائنس، سیٹلائٹ ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق سرگرمیوں کو اجاگر کیا گیا، ورلڈ سپیس ویک 2025 کا عالمی تھیم "Living in Space" رکھا گیا ہے، جس کے تحت انسانی خلائی زندگی، خلائی پرواز، اور مائیکرو گریویٹی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ممبر سپیس ٹیکنالوجی علی کامران تھے، افتتاحی خطاب میں ڈی جی سپارکو محمد افتخار بھٹی نے نے خلائی تحقیق کی قومی و بین الاقوامی اہمیت پر روشنی ڈالی اور نوجوان نسل کو سائنسی میدان میں آگے بڑھنے کی تلقین کی۔

سپارکو کی جانب سے قدرتی آفات، سیلاب کی پیشگوئی اور مانیٹرنگ کیلئے سیٹلائٹ ٹیکنالوجی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ ڈائریکٹر اے آئی، اوزیر انصاری نے انسانی خلائی پرواز کے حوالے سے پاکستان کی تازہ پیش رفت بیان کی۔

تقریب کی رنگا رنگ جھلکیوں میں طلبہ کی پرفارمنسز نمایاں رہیں، طالبات نے ماحولیاتی تبدیلی اور کہکشاں پر مبنی تخلیقی ٹیبلو پیش کئے، جنہیں شرکاء نے بھرپور سراہا، بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کیلئے پوسٹر کانٹیسٹ کا بھی اہتمام کیا گیا، جس کا موضوع "Lunar City" تھا، بچوں کے تخلیق کردہ پوسٹرز کو نمائش میں نمایاں مقام حاصل ہوا۔

مزید برآں، سپارکو نے ڈاؤ فلائی ریسرچ لیب کو 2D کلائنو سٹیٹ فراہم کیا، جو مائیکرو گریویٹی کے سائنسی تجربات میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا، اس موقع پر مائیکرو گریویٹی کے اثرات پر پاکستان کی نئی تحقیقاتی کاوشوں کو بھی اجاگر کیا گیا۔

نمائش میں سپیس ایجوکیشن وین اور ایئر کوالٹی موبائل لیب کو بھی پیش کیا گیا، جو تعلیمی و سائنسی شعور اجاگر کرنے میں معاون ہوں گی۔

ورلڈ اسپیس ویک 2025 کی تقریبات ایک ہفتے تک جاری رہیں گی، جن میں سائنسی نمائشیں، لیکچرز، ورکشاپس، اور طلبہ کیلئے سیکھنے کے بے شمار مواقع شامل ہوں گے۔