لاہور: (ویب ڈیسک) ایئر لنک کمیونیکیشن نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کا پہلا باضابطہ ایپل ریٹیل سٹور 2025 کے اختتام تک لاہور کے ڈولمن مال میں قائم کیا جائے گا۔
یہ اعلان کمپنی کی تازہ ترین کارپوریٹ بریفنگ میں کیا گیا، جس میں ٹاپ لائن سکیورٹیز سمیت متعدد مالیاتی اداروں کے نمائندے شریک تھے۔
رپورٹ کے مطابق ایپل اسٹور کے ساتھ ہی اسی مقام پر ایک شیاؤمی ریٹیل آؤٹ لیٹ بھی قائم کیا جائے گا، یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب گزشتہ سال ستمبر میں ایئر لنک کو پاکستان میں ایپل کا ’’پریمیم پارٹنر‘‘ نامزد کیا گیا تھا۔
ایپل کی مجاز ڈسٹری بیوٹر کمپنی ’’جی نیکسٹ ٹیکنالوجیز‘‘ نے ایئر لنک کو ملک میں ایپل مصنوعات کی منظم اور وسیع تر ریٹیل رسائی کے فروغ کے لیے منتخب کیا تھا۔
ایئر لنک کے مطابق، یہ شراکت داری صارفین کو ایپل کی مکمل رینج جیسے آئی فون، آئی پیڈ، میک بُک، ایپل واچز اور دیگر اسسریز — مستند ریٹیل چینلز کے ذریعے فراہم کرنے میں مدد دے گی، جس سے صارفین کو بین الاقوامی معیار کا خریداری تجربہ حاصل ہوگا۔
کارپوریٹ بریفنگ کے دوران کمپنی نے یہ بھی بتایا کہ وہ نومبر تک 10 ہزار ایسر لیپ ٹاپس (Acer laptops) کی شپمنٹ حاصل کرنے کی توقع رکھتی ہے۔
یہ مکمل تیار شدہ یونٹس (CBUs) ایک پائلٹ پروجیکٹ کا حصہ ہوں گے اور اگر یہ منصوبہ کامیاب رہا تو کمپنی ان لیپ ٹاپس کی مقامی مینوفیکچرنگ شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
مزید برآں ایئر لنک نے انکشاف کیا کہ وہ ایک اور بین الاقوامی موبائل فون برانڈ کو پاکستان میں مقامی سطح پر مینوفیکچرنگ اور ڈسٹری بیوشن کے لیے شراکت میں شامل کرنے پر کام کر رہی ہے، تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی معاہدہ طے نہیں پایا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، ایپل کے پہلے آفیشل سٹور کا قیام پاکستان کے ریٹیل ٹیک سیکٹر کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، جو صارفین کو عالمی معیار کی مصنوعات تک براہِ راست اور قابلِ اعتماد رسائی فراہم کرے گا۔



