گوگل فوٹوز میں صارفین کے لئے نئے جدید اے آئی فیچرز متعارف

Published On 13 November,2025 08:47 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) گوگل نے اپنی مشہور ایپ گوگل فوٹوز میں جدید اے آئی فیچرز متعارف کرا دیئے ہیں، جن کی مدد سے تصاویر کو بہتر بنانا اور ان میں موجود اشخاص یا اشیاء کو تبدیل کرنا آسان ہوگیا ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق گوگل فوٹوز میں صارفین کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کیلئے نئے اے آئی فیچرز شامل کئے گئے ہیں اور اب دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں اے آئی کی مدد سے تصاویر تلاش کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہوگئی ہے۔

اے آئی ایڈیٹنگ فیچر کی مدد سے صارفین اپنی تصاویر میں موجود اشخاص یا اشیاء (objects) کو تبدیل یا بہتر بنا سکتے ہیں، جیسے چشمے ہٹانا، مسکان بڑھانا یا آنکھیں کھولنا وغیرہ۔

اس کے علاوہ ایک نیا بٹن ’آسک‘ بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے صارف تصویر کے متعلق سوال پوچھ سکتا ہے، تجاویز حاصل کر سکتا ہے یا اس کی ایڈیٹنگ کی درخواست دے سکتا ہے، ایپ میں اے آئی ٹیمپلیٹس بھی شامل کئے گئے ہیں، جن کی مدد سے تصاویر کو مختلف انداز میں تبدیل کیا جا سکتا ہے، جیسے قدیم پورٹریٹ یا کارٹون سٹائل۔

سرچ فیچر کو 100 سے زائد ممالک تک پھیلایا گیا ہے اور اب 17 سے زائد نئی زبانیں بھی معاونت کر رہی ہیں، جن میں عربی، ہندی، بنگالی اور پرتگالی شامل ہیں۔

یہ فیچرز صارفین کو تصویر میں اپنے پوز اور سٹائل کو بہتر بنانے اور اپنے خدوخال کو زیادہ خوبصورت بنانے میں مدد دیتے ہیں، یہ فیچرز صرف تفریح یا سوشل میڈیا کیلئے نہیں ہیں، بلکہ یادوں کی قدر بڑھانے اور تصاویر کو مزید پیشہ وارانہ انداز دینے میں بھی مددگار ہیں۔

چونکہ یہ فیچرز مرحلہ وار دستیاب ہو رہے ہیں، اس لئے ممکن ہے کہ پاکستان میں ابھی تک سب صارفین کیلئے دستیاب نہ ہوں، اس لئے ایپ کی اپ ڈیٹس چیک کرتے رہنا ضروری ہے۔