مقبول میوزک سٹریمنگ سروس سپاٹیفائی میں نیا فیچر متعارف

Published On 12 November,2025 08:52 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) مقبول میوزک سٹریمنگ سروس سپاٹیفائی نے نیا فیچر متعارف کرا دیا۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق سپاٹیفائی نے نئے فیچر کا اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے اینڈرائیڈ صارفین اپنے پسندیدہ گانے، البم، پلے لسٹ یا پوڈکاسٹس کو براہِ راست واٹس ایپ کے سٹیٹس پر شیئر کر سکیں گے۔

اب جب بھی صارفین سپاٹیفائی پر کوئی ٹریک، البم یا پلے لسٹ چلائیں گے تو شیئر کے آپشن سے واٹس ایپ کو منتخب کر کے اسے سٹیٹس پر پوسٹ کیا جا سکتا ہے، سٹیٹس میں پوسٹ ہونے والا مواد ایک خوبصورت کارڈ کی شکل میں دکھائی دے گا، جس میں گانے کا کور آرٹ، عنوان اور آرٹسٹ کا نام شامل ہوگا۔

اس کے علاوہ سٹیٹس دیکھنے والوں کے لئے ایک مختصر آڈیو پریویو بھی دستیاب ہوگا اور ’اوپن ان اسپاٹیفائی‘ کا بٹن بھی موجود ہوگا، جس پر کلک کرنے سے وہ براہِ راست سپاٹیفائی ایپ میں جا سکتے ہیں۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کیلئے صارفین کو سپاٹیفائی کی ایپ کھولنی ہوگی اور وہ گانا، البم یا پلے لسٹ منتخب کریں جو وہ شیئر کرنا چاہتے ہیں، اس کے بعد شیئر کا آئیکن دبائیں، واٹس ایپ کا انتخاب کریں اور اسے سٹیٹس پر پوسٹ کریں، جس کے بعد منتخب کردہ سپاٹیفائی مواد واٹس ایپ اسٹیٹس پر دکھائی دے گا۔

فی الحال یہ فیچر صرف اینڈرائیڈ صارفین کیلئے دستیاب ہے، مگر امکان ہے کہ جلد ہی یہ آئی او ایس صارفین کیلئے بھی جاری کر دیا جائے۔

اگر ابھی صارفین کو یہ آپشن اینڈرائیڈ میں نظر نہیں آ رہا، تو انہیں پہلے گوگل پلے سٹور سے سپاٹیفائی ایپ کو اپڈیٹ کرنا ہوگا، پھر یہ آپشن دستیاب ہو جائے گا۔