اسلام آباد: (حریم جدون) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وی پی این سروسز کے حصول کیلئے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں، جس کے تحت صارفین اب براہِ راست لائسنس یافتہ وی پی این فراہم کنندگان سے خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق وی پی این کی رجسٹریشن کیلئے اب صارفین کو پی ٹی اے سے رابطہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
پی ٹی اے نے وی پی این سروس فراہم کنندگان کو لائسنس جاری کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے اور یہ سروسز اب "کلاس ویلیو ایڈڈ سروسز (ڈیٹا)" لائسنس کے تحت آئیں گی، لائسنس یافتہ کمپنیوں میں الفا 3 کیوبک، زیٹا بائٹ، نکسیلیم ٹیک، ویژن ٹیک 360 اور یو کے آئی کونیِک سولیوشنز شامل ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اس اقدام کو صارفین کی سہولت کیلئے اٹھایا ہے تاکہ وہ قانونی اور محفوظ طریقے سے وی پی این سروسز کا استعمال کر سکیں، اس اقدام سے وی پی این سروسز کے ذریعے محفوظ اور قانونی آن لائن رابطوں کو فروغ ملے گا اور صرف جائز اور قانونی مقاصد کیلئے وی پی این کا استعمال کیا جا سکے گا۔
پی ٹی اے نے خبردار کیا کہ غیر رجسٹرڈ وی پی این استعمال کرنے سے سائبر خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے صارفین کے ڈیٹا کی سکیورٹی متاثر ہو سکتی ہے، نئے نظام سے ڈیجیٹل سکیورٹی اور ڈیٹا تحفظ میں بہتری آئے گی اور اس کا مقصد ایک شفاف اور محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی تشکیل ہے۔
پی ٹی اے نے یہ بھی کہا کہ وی پی این سروسز کی فراہمی قومی سائبر سکیورٹی کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگی اور اس اقدام سے ڈیجیٹل دنیا میں پاکستان کی سکیورٹی کو مزید تقویت ملے گی۔



