واٹس ایپ نے میسجز شیڈول کرنے کا فیچر متعارف کرا دیا

واٹس ایپ نے میسجز شیڈول کرنے کا فیچر متعارف کرا دیا

اس سہولت کے ذریعے اب صارفین کسی بھی پیغام کو فوری بھیجنے کے بجائے اس کی تاریخ اور وقت پہلے سے مقرر کر سکیں گے، جس کے بعد پیغام خودکار طور پر متعلقہ چیٹ میں پہنچ جائے گا۔

میٹا کی زیرِ ملکیت میسجنگ ایپ میں اب تک یہ سہولت موجود نہیں تھی، تاہم نئے فیچر کے تحت انفرادی اور گروپ چیٹس دونوں میں پیغامات شیڈول کئے جا سکیں گے، اس میں صرف تحریری پیغامات ہی نہیں بلکہ لنکس، تصاویر اور ویڈیوز بھی شامل ہوں گی۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کا طریقہ بھی سادہ رکھا گیا ہے، صارف کو مطلوبہ پیغام لکھنے کے بعد سینڈ کے نشان کو معمول کے مطابق دبانے کے بجائے اسے کچھ دیر دبا کر رکھنا ہوگا، اس کے بعد ایک ونڈو سامنے آئے گی، جہاں پیغام بھیجنے کی تاریخ اور وقت منتخب کیا جا سکے گا، مقررہ وقت آنے پر پیغام خود بخود ڈیلیور ہوجائے گا۔

صارفین اپنے شیڈول کیے گئے پیغامات چیٹ انفارمیشن سکرین میں دیکھ سکیں گے اور ضرورت پڑنے پر انہیں حذف بھی کر سکیں گے، دستیاب تفصیلات کے مطابق پیغام بھیجنے کا وقت موجودہ وقت سے کم از کم 10 منٹ اور زیادہ سے زیادہ دو ہفتے آگے تک مقرر کیا جاسکے گا۔

تاہم یہ سہولت ہر صارف کو فوری طور پر دستیاب نہیں ہوگی، اگر سینڈ آئیکون کو دبا کر رکھنے پر شیڈولنگ کا آپشن نظر نہ آئے تو اس کا مطلب ہے کہ فیچر ابھی متعلقہ اکاؤنٹ تک نہیں پہنچا۔

کمپنی کے مطابق اس کی عالمی سطح پر فراہمی شروع کر دی گئی ہے اور آئندہ چند ہفتوں کے دوران اسے تمام صارفین کیلئے دستیاب کر دیا جائے گا۔