چارلی لوگارڈ نے 14 مارچ کو سالگرہ پر لاٹری کا ٹکٹ خریدا ، سات لاکھ 80 ہزار ڈالرز کی رقم جیتنے میں کامیاب ہوگئی
ٹورنٹو (نیٹ نیوز)کینیڈا میں ایک نوجوان لڑکی کو اپنی 18ویں سالگرہ پر خریدے گئے لاٹری ٹکٹ پر اب زندگی بھر ہفتہ وار ایک ہزار ڈالر ملیں گے ۔ کینیڈا کے صوبے کیوبک سے تعلق رکھنے والی لڑکی چارلی لوگارڈ نے 14 مارچ کو اپنی 18ویں سالگرہ کو منانے کے لیے لاٹری ٹکٹ خریدا۔اس ٹکٹ پر انعام نکل آیا جو کہ یکمشت حاصل کرنے پر سات لاکھ 80 ہزار ڈالر تھا لیکن انہوں نے اپنی مرضی سے تاحیات ہر ہفتے ایک ہزار ڈالر کی رقم حاصل کرنے کا انتخاب کیا۔ چارلی نے اپنے وکیل سے مشاورت کے بعد ہفتہ وار ایک ہزار ڈالر لینے کا انتخاب اس لیے کیا کیونکہ اس صورت میں انعامی رقم پر ٹیکس کی کٹوتی نہیں ہونی ہے ۔
لاٹری کارپوریشن کے ترجمان پیٹرک لووئی نے کینیڈین پریس کو بتایا کہ ٹیکس کے بغیر انعامی رقم سالانہ ایک لاکھ ڈالر کی تنخواہ کے برابر بنتی ہے اور یہ ایک نوجوان خاتون کے لیے زندگی شروع کرنے کا ایک اچھا آغاز ہے ۔ چارلی نے زندگی میں پہلی بار لاٹری ٹکٹ خریدا اور اسی پر انعام نکل آیا۔ اب چارلی کے مطابق وہ انعامی رقم کو سفر کرنے اور اپنی تعلیم پر خرچ کریں گی۔