نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں پالتو بکری کو بچانے کے لیے غریب خاتون شیر سے لڑ پڑی، خاتون نے چھڑی کی مدد سے شیر پر حملہ کیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی ویب سائٹ کے مطابق رپالی میشرام نامی خاتون نے اپنی پالتو بکری کا شور سنا، جب باہر آکر دیکھا تو شیر اس پر حملہ آور تھا، رپالی اپنی بکری کی مدد کے لیے قریب پڑی چھڑی اٹھا کر میدان میں آگئی اور شیر سے لڑ پڑی۔ اس کی بکری تو نہ بچ سکی تاہم شیر کے جوابی وار سے وہ خود زخمی ہوگئی۔
رپالی کو شیر کے حملے سے بچانے کی کوشش میں اس کی ماں جیجا بائی کو بھی معمولی زخم آئے۔
دونوں ماں بیٹی کو مقامی افراد نے فورا ہسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ 23 سالہ رپالی میشرام کو معمولی زخم آئے ہیں جبکہ دونوں ماں اور بیٹی کو طبی امداد دے کر ہسپتال سے گھر بھیج دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جنگل کے قریب ہونے کی وجہ سے اس گاؤں میں اکثر جانور آجاتے ہیں اور یہ واقعہ گزشتہ ہفتے پیش آیا تھا۔