نئی دہلی: (ویب ڈیسک) ہماری دنیا حیرت انگیز عجائبات اور انوکھے رسم و رواج سے بھری ہوئی ہے، اس کی تازہ مثال بھارت کا ایک گاؤں ہے جہاں ہر شخص کی دو بیویاں ہیں۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست راجھستان کے گاؤں دیراسر کی کل آبادی صرف 600 نفوس پر مشتمل ہے۔ اس گاؤں کی انوکھی بات وہاں ہر شخص کی دو شادیاں ہیں۔ اس کی وجہ یہ نہیں کہ اس گاؤں کا ہر مرد دوسری شادی کرنا چاہتا ہے بلکہ اس کے پیچھے ایک عجیب منطق ہے۔
اس گاؤں میں 70 کے قریب مسلمان خاندان آباد ہیں اور ہر گھر کے مرد نے دو، دو شادیاں رچا رکھی ہیں۔ کہتے ہیں کہ اس گاؤں کا اگر کوئی مرد صرف ایک شادی کرے تو اس کے گھر اولاد نہیں ہوتی، اس لیے اسے مبجوراً دوسری شادی کرنا پڑتی ہے۔
اس منطق کی سمجھ اس گاؤں کے باسیوں کو بھی نہیں ہے لیکن کافی عرصہ سے یہاں دو شادیوں کا رجحان تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے۔ انڈین میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ بات سننے میں تو عجیب لگتی ہے لیکن یہ حقیقت ہے کہ اس گاؤں میں رہنے والی کسی پہلی بیوی کے یہاں بچے کی پیدائش نہیں ہو سکی ہے۔