ریاض: (ویب ڈیسک) اعلیٰ تعلیم کا حصول ہر انسان کا خواب ہوتا ہے پورا کرنے کیلئے وہ کئی مشکل مراحل سے گزرتا ہے اور طرح طرح کے جتن اٹھاتا ہے لیکن یہ خواب اس وقت مزید خوبصورت اور منفرد ہوجاتا ہے جب والدین بھی اپنے بچوں کے ساتھ اعلیٰ تعلیم کو اپنا مقصد بنا لیتے ہیں۔ سعودی عرب میں ماں اور بیٹی نے ایک ہی دن گریجویشن کی ڈگری حاصل کر لی۔
ایسا ہی یادگار لمحہ سعودی عرب میں اس وقت پیش آیا جب صالحا اسیری نامی خاتون نے شادی کے بعد ادھوری تعلیم کو مکمل کرنے کا ارادہ کیا اور چند سال قبل کنگ خالد انسٹیٹیوٹ میں داخلہ لیا، صالحا کی بیٹی مارم بھی اسی تعلیمی ادارے میں زیر تعلیم تھیں۔
قابل فخر ماں نے میڈیا اینڈ کمیونیکیشن میں گریجویشن کیا اور ان کی بیٹی نے بزنس میں گریجویشن کیا، دونوں کو ایک ہی دن گریجویشن کی ڈگریاں تفویض کی گئیں تو یہ منفرد ماں بیٹی مرکزِ نگاہ بن گئیں۔ خاتون کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سے تعلیم سے محبت رکھتی تھیں اور اسی جذبے سے انہوں نے شادی کے بعد بھی اپنی تعلیم کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا اور آج اس مقام تک پہنچیں۔