لاہور(نیٹ نیوز ) شاید آپ اسے ایک عام پیالہ سمجھیں گے ۔ اس کے مالکان کا بھی یہی خیال تھا پھر ایک دن اچانک معلوم ہوا یہ تو کروڑوں کی چیز ہے۔ برطانیہ کے شہر ڈورسیٹ سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے کو یہ پیالہ اپنے خاندان سے وراثت میں ملا تھا اور کبھی ان کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ یہ کوئی قیمتی چیز ہو سکتی ہے ۔
ایک دن ایک مہمان کے کہنے پر وہ اسے تاریخی نوادرات کے ایک ماہر کے پاس لے گئے جو اسے دیکھ کر دیکھتا ہی رہ گیا۔ اس ماہر نے بتایا یہ تقریباً 6 صدی قدیم چینی منگ سلطنت کے شہنشاہ ہانگ ووکے دور کا انتہائی نادر پیالہ ہے ۔ نوادرات کے ماہر کے مشورے پر برطانوی جوڑے نے اسے نیلامی کیلئے پیش کیا اور چین سے تعلق رکھنے والے قدیم نوادرات و آرٹ کے دلدادہ ایک بزنس مین نے اسے تقریباً 5 کروڑ پاکستانی روپے میں خرید لیا ، خریدار اس نادر پیالے کو واپس چین لیجانے کا خواہشمند ہے تا کہ اسے تاریخی نوادرات کا حصہ بنایا جا سکے ۔