کارخانوں اور ہوائی اڈوں میں آمدورفت کیلئے ذاتی سواری

Last Updated On 26 May,2018 11:31 am

میونخ: (روزنامہ دنیا) بڑے بڑے کارخانوں، ہوائی اڈوں اور شاپنگ مالز میں عملہ ایک سے دوسری جگہ بھاگتا دوڑتا رہتا ہے جس کیلئے سیگ وے نامی ذاتی سواری برسوں سے استعمال کی جارہی ہے ۔ اب بی ایم ڈبلیو کمپنی نے اسی طرز کی ایک سواری بنائی ہے جو پہلے کے مقابلے میں قدرے بہتر اور سادہ ہے۔ اس سواری کو ذاتی نقل وحرکت والی سواری کا نام دیا گیا ہے۔

اس کے نیچے پانچ پہیے ہیں اور یہ ایک آدمی کو 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچا سکتی ہے۔ بعض کارخانوں اور شاپنگ مالز میں کارکنوں کو روزانہ 5 سے 10 کلو میٹر تک ایک جگہ سے دوسری جگہ جانا پڑتا ہے جس کیلئے یہ سواری تیار کی گئی ہے۔ اس کا پلیٹ فارم قدرے بڑا رکھا گیا ہے جس پر وزن بھی رکھا جاسکتا ہے۔

بی ایم ڈبلیو موور کی اونچائی 110 سینٹی میٹر ہے اور اس کا مرکزی پہیہ اسے آگے دھکیلتا ہے جبکہ آگے کے دو چھوٹے پہیے 360 درجے پر گھوم سکتے ہیں۔ اس طرح یہ سواری اپنے سوار کو ہر سمت میں حرکت کرنے کی سہولت دیتی ہے۔ اس کا ہینڈل موٹرسائیکل جیسا ہے اور پورا نظام بجلی سے چلتا ہے ۔اس میں ایل ای ڈی لائٹ اور خبردار کرنے کیلئے گھنٹی بھی لگائی گئی ہے۔