منیلا: (روزنامہ دنیا) فلپائن میں تیزی سے مقبول ہوتے ایک سپیرے کو اب ’’زہریلے آدمی‘‘ کا خطاب مل گیا ہے کیونکہ وہ سانپوں کے زہر سے مدافعت پیدا کرنے کیلئے ہر ہفتے کوبرا سانپ سے خود کو ڈسواتا ہے اور خود کو زہر کی چھوٹی چھوٹی مقدار کے ٹیکے بھی لگاتا ہے۔
31 سالہ قولیلان کاگیان ڈی اورو سٹی میں رہتے ہیں اور انہوں نے 14 سال کی عمر میں پہلا کوبرا سانپ پکڑا تھا اسکے بعد انہوں نے مزید سانپ پکڑنے کی کوشش کی تو ایک مرتبہ کوبرا نے انہیں ڈس لیا لیکن وہ ہسپتال نہیں گئے اور گھر آکر زخم دھو لیا ۔ انہوں نے کہا پہلی مرتبہ سانپ کاٹنے سے معلوم ہوا کہ میرا جسم اسکا زہر برداشت کرسکتا ہے اور یوں میں نے زہر سے مدافعت کیلئے خود کو تیار کرنا شروع کردیا اسکے بعد میں نے پابندی سے خود کو کوبرا سے ڈسوایا اور کچھ مقدار میں سانپوں کا زہر بدن میں بھی داخل کیا۔
اب قولیلان کا دعویٰ ہے کہ ان پر سانپ کے زہر کا اثر نہیں ہوتا کیونکہ سانپوں سے ڈسوانے اور زہر داخل کرنے کے بعد وہ اس سے مدافعت پیدا کرچکے ہیں۔انہوں نے سال میں سینکڑوں مرتبہ خود کو سانپ سے ڈسوایا جبکہ پانچ مرتبہ وہ مرتے مرتے بچے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی انہوں نے ہمت نہ ہاری۔