سڈنی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں ایک خاتون 25 سال تک روزانہ آنکھوں میں مسکارا لگانے سے اندھے پن کا شکار ہو گئی۔
سڈنی کی رہائشی 50 سالہ ایک خاتون نے اپنے ساتھ پیش آنے والے عجیب و غریب طبی مسئلے سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ وہ مسلسل 25 سال سے مسکارا لگا رہی تھیں اور ان کا یہ طرز عمل انہیں تقریباً نابینا پن کے قریب لے گیا۔ خاتون نے بتایا کہ وہ جب بھی صبح اٹھتی تو پہلے سے لگے مسکارا کو ٹھیک سے صاف کیے بغیر دوبارہ مسکارا لگانے کا شوق پورا کرتیں، ایسا کرنے سے انہیں آنکھوں میں آہستہ آہستہ جلن اور خارش ہونے لگی جس سے چھٹکارا پانے کے لیے ڈاکٹرز نے انہیں آئی ڈراپ اور دیگر دوائیاں استعمال کے لیے دیں جس سے افاقہ نہ ہوا۔
جب تکلیف بڑھی تو ماہرِ چشم نے مختلف ٹیسٹ کرائے میں جس میں انکشاف ہوا کہ مسکارے کی وجہ سے پپوٹوں کے اندرونی حصے میں سیاہ رنگ کے سخت پتھریلے دانے نما نمودار ہوچکے ہیں جس سے خاتون کی بینائی بری طرح متاثر ہوئی اور وہ تقریباً بصارت کی صلاحیت کھوبیٹھی۔ واقعہ سامنے آنے پر ڈاکٹرز نے خواتین کو میک اپ کی صفائی خصوصاً آئی لائنر صاف کرنے کی تلقین کرتے ہوئے احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ آنکھوں کے اندرونی لیش لائن پر آئی لائنر لگانے سے پرہیز کیا جائے۔