قاہرہ(نیٹ نیوز) ماہرین آثار قدیمہ کو مصر میں معمول کی کھدائی کے دوران 2 ہزار سال قدیم سیاہ پتھر کا بنا ہوا تابوت دریافت ہوا ہے جس کی لمبائی 8.6 فٹ ہے۔
ماہرین آثار قدیمہ کو ایک سائٹ پر معمول کی کھدائی کے دوران 16 فٹ کی گہرائی پر ایک مقبرہ ملا جس میں 8.6 فٹ لمبا اور 5 فٹ چوڑا تابوت رکھا ہوا تھا یہ تابوت سیاہ رنگ کے پتھر کا بنا ہوا ہے جس پر نقش و نگار بنائے گئے ہیں۔
تابوت کے نزدیک ہی سنگ مرمر سے تراشا ایک انسانی سر بھی ملا ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ صاحب مقبرہ کا بنایا گیا عکس ہے۔ تابوت کا معائنہ کرنے کیلئے دنیا کے بہترین ماہرین آثار قدیمہ کی ٹیم کو مدعو کیا گیا ہے جو تابوت کو بغیر نقصان پہنچائے کھولنے کی کوشش کریگی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس دریافت سے انسانی ارتقا کے عمل اور تاریخ کو جانچنے میں مدد ملے گی، ماہرین کا اندازہ ہے کہ یہ تابوت 2 ہزار سال سے بند ہے اور اسے ایک مخصوص انداز سے بند کیا گیا ہے جسے کھولنے کیلئے مزید ٹیم درکار ہوگی۔