کتابوں جیسی عمارت پر مشتمل لائبریری

Last Updated On 27 July,2018 09:31 am

انقرہ: (روزنامہ دنیا) کتب خانوں سے عوام کا لگاؤ بڑھانے کی خاطر ترکی میں ایک بک شیلف جیسی منفرد لائبریری بنائی گئی ہے۔

ترکی کے شمالی صوبے کارابک میں واقع اس لائبریری کے منفرد ڈیزائن اور فن تعمیر کے شاہکار نے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرلیا ہے۔ کامل گولک نامی یہ لائبریری کارابک یونیورسٹی میں قائم کی گئی ہے جس میں 60 ہزار کتابیں پرنٹ اور 60 لاکھ سے زائد ڈیجیٹل شکل میں موجود ہیں۔ لائبریری سے طلبا کتابیں کچھ عرصے کیلئے حاصل کرکے واپس بھی کرتے ہیں۔

اس لائبریری میں ملک کے دیگر کتب خانوں سے کتابیں منگوانے کی سہولت بھی موجود ہے۔ طالب علم لائبریری میں مطلوبہ کتاب کی عدم موجودگی پر انتظامیہ کو آگاہ کرتا ہے جس کے بعد انتظامیہ ملک کے تقریباً 200 کتب خانوں سے کتاب تلاش کرکے تین دن کے اندر اندر دستیابی کو یقینی بناتی ہے۔ یہ لائبریری 24 گھنٹے کھلی رہتی ہے اور اپنے قیام سے اب تک ساڑھے چار لاکھ افراد اس سے استفادہ کرچکے ہیں۔