لاہور: (روزنامہ دنیا) کیا آپ جانتے ہیں کہ ڈراؤنی فلمیں دیکھنا آپ کے دماغ کیلئے فائدہ مند ہونے کے ساتھ ساتھ آپ کو سمارٹ بھی بنانے میںمددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فلم میں آنیوالے اتار چڑھاؤ، خوف اور تجسس سے بھرے مناظر اور غیر متوقع واقعات کے دوران آپ کے دماغ سے مختلف فائدہ مند کیمیائی اجزا خارج ہوتے ہیں یہ اجزا آپکے دماغ کو پرسکون اور ہلکا پھلکا کرتے ہیں جبکہ آپ کو لاحق ڈپریشن میں بھی کمی کرتے ہیں۔
ڈراؤنی فلموں میں آنیوالے غیر متوقع واقعات و مناظر آپ کے دماغ کو فعال کرتے ہیں جس سے آپ اصل زندگی میں بھی برے حالات سہنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق جو افراد ڈراؤنی فلمیں دیکھنے کے شوقین ہوتے ہیں ان میں خراب اور غیر متوقع حالات کا سامنا کرنے کی صلاحیت زیادہ ہوتی ہے اور وہ ان سے نمٹنا بھی جانتے ہیں۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ ڈراؤنی فلمیں دیکھنا آپ کے وزن میں بھی کمی کرسکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 90 منٹ کی ہارر فلم آپ کے جسم سے 113 کیلوریز خارج کرسکتی ہے ۔ہارر فلم کے خوفناک مناظر سے پیدا ہونے والا خوف آپ کی قوت مدافعت کو یکدم چوکنا کر کے آدھے گھنٹے بعد معمول کی حالت پر واپس لے آتا ہے اور اس عمل سے آپ کی قوت مدافعت اور مضبوط ہوتی جاتی ہے ۔