فلوریڈا کے اژدہے ماحولیاتی نظام کیلئے خطرہ قرار

Last Updated On 28 July,2018 10:16 am

فلوریڈا: (روزنامہ دنیا) امریکی ریاست فلوریڈا کے دلدلی علاقے میں آباد مگرمچھ بڑی تعداد میں دیوہیکل اژدہوں کی خوراک بننے کی وجہ سے اس علاقے سے معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق فلوریڈا کے دلدلی علاقوں میں پائے جانیوالے برمی اژدہوں نے مگرمچھوں، خرگوشوں، لومڑیوں اور دیگر جانوروں کو خوراک بنانا شروع کر دیا ہے جس سے ان کی نسل ختم ہوتی جا رہی ہے۔

ماہرین نے تیزی سے تبدیل ہونیوالی اس صورتحال کو ماحولیاتی نظام کیلئے خطرہ قرار دیا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ کسی سیاح یا مقامی شخص نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اژدہوں کی جوڑی کو اس علاقے میں چھوڑ دیا ہے جو ان کی افزائش کیلئے بہترین جگہ ہے۔

اژدہوں کی لمبائی سات میٹر اور وزن 113 کلو گرام تک ہے جو چار فٹ لمبے مگر مچھ تک کو نگل جاتے ہیں۔ جنگلی حیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ان اژدہوں کے شکار کرنے کی وجہ سے اس علاقے میں چھوٹی جسامت کے ممالیہ جانوروں کی تعداد بھی بہت کم ہو کر رہ گئی ہے۔